فلسطینیوں سے یکجہتی کے عالمی دن پر صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان 1967 سے قبل کی سرحدوں کے مطابق آزاد فلسطینی ریاست کا حامی ہے اور آزادی، وقار، اور انصاف کے لیے فلسطینیوں کی جائز جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔
صدر مملکت نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ فلسطینی عوام کی نسل کشی روکنے کے لیے فوری اقدامات کرے اور اسرائیل کو اس کے ظالمانہ اقدامات پر جوابدہ ٹھہرائے۔صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ امن کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ اسرائیلی قبضہ اور عالمی قوانین کی مسلسل بے توقیری ہے۔
انہوں نے سلامتی کونسل اور عالمی برادری سے غزہ میں فوری اور غیر مشروط جنگ بندی کرانے کا مطالبہ کیا۔ صدر مملکت نے اسرائیلی اقدامات کو عالمی عدالت انصاف کی جانب سے نسل کشی قرار دینے کے فیصلے کو درست ٹھہرایا اور کہا کہ اسرائیل اقوام متحدہ اور دیگر امدادی ایجنسیوں کے کام میں رکاوٹ ڈال رہا ہے اور لاکھوں فلسطینیوں کو انسانی امداد سے محروم کر رہا ہے۔