بانی پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) عمران خان کی اہلیہ اور سابق خاتون اول بشریٰ بی بی 24 نومبر کو ہونے والے احتجاج میں شرکت نہیں کریں گی۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے 24 نومبر کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں احتجاج کا اعلان کیا گیا ہے اور اس حوالے سے بشریٰ بی بی کے بیانات بھی سامنے آئے اور انہوں نے پارٹی قیادت کو اہم ہدایات بھی جاری کیں۔
لازمی پڑھیں۔ مذہبی منافرت پھیلانے کی کوشش پر بشریٰ بی بی کیخلاف متعدد مقدمات درج
تاہم، ترجمان تحریک انصاف شیخ وقاص اکرم کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ سابق خاتون اول احتجاج میں شرکت نہیں کریں گی۔
ترجمان تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی احتجاج میں شامل نہیں ہوں گی، وہ گھریلو خاتون ہیں اور اس حوالے سے ہم گزشتہ 5 روز سے بار بار واضح کرچکے ہیں۔
شیخ وقاص اکرم کا کہنا تھا کہ احتجاج میں جانے کا بشریٰ بی بی کا پلان تھا نہ ہے اور نہ ہی ہوگا اور وہ احتجاج میں نہیں جائیں گی۔
دوسری جانب بشریٰ بی بی کی ترجمان مشعال یوسفزئی کی جانب سے بھی اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ سابق خاتون اول احتجاج میں شرکت نہیں کریں گی۔
مشعال یوسفزئی کے مطابق بشریٰ بی بی طبیعت خراب ہونے کے باعث احتجاج میں شریک نہیں ہوں گی۔