عبدالعلیم خان نے کہا ہےکہ خصوصی اقتصادی زونز میں تاخیر کا خاتمہ، مزید التوا روکنا چاہتے ہیں، بورڈ آف انویسٹمنٹ چین کے سرمایہ کاروں کو مکمل سہولیات دے گا، خصوصی اقتصادی زونز میں چینی ادارے سی آر بی سی کے مسائل کو جلد از جلد حل کریں گے۔
وفاقی وزیرسرمایہ کاری بورڈ،مواصلات اورنجکاری عبدالعلیم خان کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس دوران خصوصی اقتصادی زونز کے قیام میں پیش رفت کا جائزہ لیاگیا جبکہ خیبرپختونخواکے خصوصی اکنامک زون کو درپیش مشکلات پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں نیپرا، صوبائی حکومت کے پی کے، بورڈ آف انویسٹمنٹ اور دیگر محکموں کی طرف سے سپشل اکنامک زونز پر تفصیلات پیش کی گئیں ، بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ اکنامک زون میں زمین کی قیمت کا تعین، بجلی کی فراہمی اور دیگر مسائل 5 سال سے زیر التوا تھے۔ اجلاس میں گورنر سٹیٹ بینک، چیف سیکرٹری کے پی کے، سی آر بی سی، سیکرٹری نجکاری اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی ۔
وفاقی وزیر سرمایہ کار بورڈ کا کہناتھا کہ زمین کی فروخت، منتقلی، دیگر معاملات کا جائزہ لیں، مسائل جلد حل کریں، سپیشل اکنامک زونز کے منصوبے سی پیک سے منسلک اور انتہائی اہمیت کے حامل ہیں، پختونخوا کے صنعتی زونز کیلئے بورڈ آف انویسٹمنٹ صوبائی حکومت اور متعلقہ اداروں کو آن بورڈ لے، وزیر اعظم کی ہدایات کے مطابق اس مسئلے کو جلد از جلد حل کریں گے۔
وفاقی وزیر نے پیسکو حکام کو 3 دنوں میں صنعتی زون کاگرڈ کنکشن فعال کرنے کی ہدایت کر دی اور کہا کہ اکنامک زونز کی مشکلات ، رکاوٹوں کو کم سے کم وقت میں حل کرنا ہو گا، ہم سب سرمایہ کاروں کو درپیش مسائل وپریشانیوں کے حل کے لئے بیٹھے ہیں، سپیشل اکنامک زونزمیں بجلی کی فراہمی کواولین ترجیحات میں شامل کرنا ہو گا۔
اجلاس میں سینچری سٹیل گروپ کو تمام اداروں سے درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ، العلیم خان نے کہا کہ گورنر سٹیٹ بینک انوسٹرز کیلئے فوکل پرسن لگائیں گے، تمام امور فوری طور پر حل ہوں گے، وزیر اعظم ان تمام امور سے آگاہ ہیں، مستقبل میں کوئی کوتاہی نہیں ہونی چاہئیے۔