پنجاب کی سینیئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ بشریٰ بی بی نے سعودی سرمایہ کاری کے خلاف بیان دیا اور یہ کوئی غلطی نہیں بلکہ سوچی سمجھی سازش ہے۔
اپنے حالیہ بیان میں سینئیر صوبائی وزیر مریم اونگزیب کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی نے جو بھی کہا بانی پی ٹی آئی کے کہنے پر کہا ، اب باقی سب وضاحتیں جھوٹ اور فراڈ ہے، انہوں نے بیان سعودی سرمایہ کاری کو سبوتاژ کرنے کے لئے دیا۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے بشریٰ بی بی سے بیان دلوایا اور اب خود اُن کے بیان پر پاپندی لگوائی، انہوں نے سب کچھ سوچی سمجھی سازش کے تحت کیا، بشریٰ بی بی نے انکی پڑھائی پٹی عوام کوسنائی، ان کے جھوٹ سے سعودی عرب محفوظ ہے نہ امریکہ نہ چین نہ پاکستان۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ننگے پاؤں مدینہ جانے والوں نے خانہ کعبہ کے عکس والی گھڑی جعلسازی سے بیچ کر کروڑوں روپے کمائے، تعلیم ، تربیت ، عقل واخلاق سے عاری عالمی بھکاری سعودی عرب سے تحفے سمیٹتے رہے، سارے ٹبر کو لے کر شاہی مہمان خانے میں بیٹھی تھی تو سازش یاد نہ آئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ انتشارکی کال " میں بشریٰ اور بانی پی ٹی آئی کے بچے کہاں؟، اپنے بچے ٹھنڈی ہواؤں میں اور ملک کے بچے تباہی کے دوراہوں پر ہیں۔