بانی پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) سے 28 ستمبر کے احتجاج پر درج مقدمے میں تفتیش کرنے کے لئے راولپنڈی پولیس کی 3 رکنی ٹیم اڈیالہ جیل پہنچ گئی۔
28 ستمبر کے احتجاج پر درج مقدمے میں بانی پی ٹی آئی سے تفتیش کا دوسرا مرحلہ شروع ہوگا ہے اور ایس پی راول راجہ حسیب کی سربراہی میں راولپنڈی پولیس کی 3 رکنی ٹیم اڈیالہ جیل پہنچ گئی ہے۔
پولیس کی تفتیشی ٹیم میں ڈی ایس پی لیگل راجہ عنایت اور انسپکٹر راشد کیانی شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق تفتیشی ٹیم نے بانی پی ٹی آئی سے تفتیش کیلئے 15 سے زائد سوالات تیار کرلئے ہیں جو کہ پہلے سے گرفتار 23 ملزمان سے تفتیش کے تناظر میں تیار کئے گئے ہیں۔
ٹیم نے بانی پی ٹی آئی سے جیل و عدالتوں میں ملاقاتیں کرنے والوں کا ریکارڈ بھی لے لیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ تحریک انصاف کے رہنماؤں کی تقاریر اور سوشل میڈیا کا ریکارڈ بھی حاصل کر لیا گیا ہے جبکہ تفتیشی ٹیم کے پاس سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کا ریکارڈ بھی موجود ہے۔
تھانہ نیوٹاؤن میں درج مقدمے میں بانی پی ٹی آئی کے ریمانڈ کا آج تیسرا دن ہے۔
یاد رہے کہ انسداد دہشتگردی عدالت نے مقدمے میں بانی پی ٹی آئی کا 5 روزہ جسمانی ریمانڈ دیا تھا۔