وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر سے رابطہ کر کے احتجاج کے حوالے سے اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم کی بعد کی صورتحال سے آگاہ کردیا۔
ہفتہ کو وزیر داخلہ محسن نقوی کا چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر سے رابطہ ہوا جس کے دوران انہوں نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے آرڈر کے بعد کی صورتحال سے آگاہ کیا اور کہا کہ ہم اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم کے پابند ہیں ، احتجاج کی اجازت نہیں دے سکتے۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں کسی جلوس، دھرنے یا ریلی کی اجازت نہیں دے سکتے۔
محسن نقوی نے بتایا کہ بیلاروس کا اعلی سطح کا وفد 24 نومبر کو اسلام آباد پہنچ رہا ہے جبکہ بیلاروسی صدر 25 نومبر کو پاکستان پہنچیں گے اور مہمان وفد 27 نومبر تک اسلام آباد رہے گا۔
رابطے کے دوران بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ پارٹی مشاورت کے بعد آپ کو حتمی رائے سے آگاہ کروں گا۔
یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے 24 نومبر کو اسلام آباد میں احتجاج کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ حکومت کی جانب سے صورتحال سے نمٹنے کے لئے وفاقی دارالحکومت کے راستے بند کر دیے گئے ہیں۔